أذكار الدخول والخروج من المنزل
جابر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب آدمی اپنے گھر داخل ہوتا ہے اور داخل ہوتے اور کھانا کھانے کے وقت اللہ تعالیٰ کا نام لیتا ہے تو شیطان اپنے ساتھی شیطانوں سے کہتا ہے کہ تمہارے لیے یہاں رات گزارنے کی جگہ نہیں ہے اور نہ رات کا کھانا ہے۔ اور جب گھر میں داخل ہوتے وقت آدمی اللہ کا نام نہیں لیتا تو شیطان کہتا ہے کہ تم نے رات گزارنےکی جگہ پالی۔ اور جب کھانا کھاتے ہوئے بھی اللہ کا نام نہیں لیتا ہے تو شیطان کہتا ہے کہ تمہیں رات گزارنے کی جگہ بھی مل گئی اور رات کا کھانا بھی۔
عن جابر بن عبد الله -رضي الله عنهما- مرفوعاً: «إِذَا دَخَل الرَّجُل بَيتَه، فَذَكَرَ اللهَ -تَعَالَى- عِندَ دُخُولِهِ، وَعِندَ طَعَامِهِ، قَالَ الشَّيطَانُ لِأَصْحَابِهِ: لاَ مَبِيتَ لَكُم وَلاَ عَشَاءَ، وَإِذَا دَخَلَ فَلَم يَذْكُر الله -تَعَالَى- عِندَ دُخُولِهِ، قَالَ الشَّيطَان: أَدْرَكْتُمُ المَبِيت؛ وَإِذا لَمْ يَذْكُرِ اللهَ -تَعَالَى- عِندَ طَعَامِه، قالَ: أَدرَكتُم المَبِيتَ وَالعَشَاءَ».
شرح الحديث :
جابر رضی اللہ عنہ کی حدیث کھانے کے آداب کے موضوع سے متعلق ہے۔ جابر رضی اللہ عنہ کا بیان ہے کہ نبی ﷺ نے نے فرمایا: ”جب آدمی اپنے گھر میں داخل ہوتا ہے تو وہ اپنے گھر میں داخل ہوتے وقت اور کھانا کھانے کے وقت اللہ تعالیٰ کا نام لیتا ہے اُس وقت شیطان اپنے ساتھی شیطانوں سے کہتا ہے کہ تمہارے لیے یہاں رات گزارنے کی جگہ نہیں ہے اور نہ رات کا کھانا ہے“۔ ایسا اس لیے ہوتا ہے کیونکہ انسان نے اللہ کا ذکر کیا ہے۔ گھر میں داخلے ہوتے وقت اللہ کا ذکر یہ ہے کہ یوں کہے: بِسْمِ اللَّهِ وَلَجْنَا وَبِسْمِ اللَّهِ خَرَجْنَا‘‘۔ (ترجمہ: ہم اللہ کا نام لے کر اندر جاتے ہیں اور اللہ ہی کا نام لے کر باہر نکلتے ہیں) جب کہ رات کے کھانے کے وقت کا ذکر ”بِسْمِ اللَّه“ کہنا ہے۔ جب بندہ گھر میں داخل ہوتے ہوئے اور رات کا کھانا کھاتے وقت اللہ کا ذکر کرے تو شیطان اپنے ساتھیوں کو کہتا ہے: نہ تو تمہاری لیے رات بسر کرنے کی جگہ ہے اور نہ ہی رات کا کھانا۔ کیونکہ اس گھر اور اس کھانے کو اللہ عز و جل کے ذکر کے ساتھ محفوظ کر دیا گیا ہے چنانچہ اللہ تعالی نے اسے شیطانوں سے محفوظ کر دیا ہے۔ جب داخل ہوتے وقت اللہ کا ذکر نہ کرے تو شیطان کہتا ہے:"تمہیں رات گزارنے کی جگہ مل گئی"۔ اور اگر اس کے سامنے کھانا پیش کیا جائے اور وہ کھانا کھاتے ہوئے اللہ کا ذکر نہ کرے تو شیطان کہتا ہے: "تمہیں رات گزارنے کے لیے جگہ بھی مل گئی اور رات کا کھانا بھی۔" یعنی شیطان اس کے ساتھ سونے کی جگہ اور رات کے کھانے میں شریک ہوتا ہے کیونکہ اللہ کے ذکر کے ساتھ اسے محفوظ نہیں کیا گیا۔ اس حدیث میں اس بات کی ترغیب ہے کہ انسان کے لیے مناسب یہ ہے کہ وہ جب اپنے گھرمیں داخل ہو تو اللہ کا نام لے۔ اس کے لیے جو ذکر احادیث میں آیا ہے وہ ”بِسْمِ اللَّهِ وَلَجْنَا وَبِسْمِ اللَّهِ خَرَجْنَا وَعَلَی اللَّهِ رَبِّنَا تَوَکَّلْنَا، اللَّهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُکَ خَيْرَ الْمَوْلَجِ وَخَيْرَ الْمَخْرَجِ“ ہے۔