نفاقِ اکبر (اعتقادی نفاق) (نفاق أكبر اعتقادي)
العقيدة
المعنى الاصطلاحي :
انسان کا اپنی زبان سے اللہ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں، آخرت کے دن، اور اچھی و بری تقدیر پر ایمان کا اظہار کرنا اور اپنے دل میں وہ باتیں رکھنا جو ان سب کے یا ان میں سے کچھ کے مخالف ہوں۔
الشرح المختصر :
نفاقِ اکبر: اس سے مراد ہے ’زبان اور اعضاء وجوارح سے ایمان کا اظہار کرنا اور دل میں کفر کو چھپانا‘۔ اسے ’اعتقادی‘ اس لیے کہا جاتا ہے کیوں کہ یہ بنیادی عقیدہ سے متعلق ہوتا ہے، اسی لیے یہ کلی طور پر دین سے خارج کر دینے والا ہے اور نفاق اکبر رکھنے والا ہمیشہ ہمیش کے لیے جہنم کے سب سے نیچے کے طبقے میں رہے گا۔ اس کی کچھ علامات یہ ہیں: رسول اللہﷺ کی تکذیب کرنا یا آپﷺ جو کچھ لے کر آئے ہیں ان میں سے کسی شے کی تکذیب کرنا یا اس سے بغض ونفرت رکھنا یا مسلمانوں کے دین کی مغلوبیت پر خوش ہونا اور اس کے غالب وسربلند ہونے کو ناپسند کرنا یا دین اسلام اور مسلمانوں کا مذاق اور تمسخر اڑانا اور مکمل طور پر دین کے دشمنوں کی طرف میلان رکھنا تاکہ اسلام کی دشمنی میں ان کا ساتھ دیا جائے، ان کے علاوہ دیگر کفریہ اعتقادات جو دین وملت سے خارج کردینے والے ہیں۔ اس طرح کے لوگ ہر زمانے میں پائے جاتے ہیں خاص طور پر جب دین اسلام کی طاقت و قوت غالب ہو اور بظاہر یہ لوگ اس کی مزاحمت نہ کر سکتے ہوں، تو یہ اسلام میں داخل ہونے کا دکھاوا کرتے ہیں تاکہ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف درپردہ سازش کر سکیں، اور تاکہ مسلمانوں کے ساتھ رہ سکیں اور اپنی جانوں اور مالوں کو محفوظ کر سکیں۔